اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کی فوج نے اعلا کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان اور فوج نے الزبدانی میں ہونے والی وسیع کارروائی کے دوران درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کے ہتھیار اور گولہ بارود کو تباہ کر دیا ہے۔ فوج کے اعلان کے مطابق، شامی فوج اور حزب اللہ کے جوانوں نے زبدانی شہر جانے والی تمام شاہراہوں اور بردا جھیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دوسری جانب، ہسپانوی صحافیوں کی یونین کی سربراہ ایلسا گونزالیز نے بتایا کہ اس ملک کے تین صحافی شام میں لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آخری بار یہ صحافی شام کے شمال مغربی شہر حلب میں اپنی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے تاہم بارہ جولائی سے اب تک ان سے کسی قسم کا رابطہ نہیں ہو پایا ہے۔ اس سے قبل داعش دہشت گرد گروہ نے کئی ممالک کے شہریوں اور صحافیوں کو گرفتار کر کے، ہلاک کر دیا تھا۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ متحدہ عرب امارات کا ایک وفد دمشق روانہ ہونے والا ہے۔ یہ وفد شام میں متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کے بارے میں بات چیت کرے گا۔ اس سے قبل کویت اور تیونس بھی اپنے سفیروں کی شام واپسی کی درخواست پیش کر چکے ہیں۔ تیونس کے حکام نے بعض شامی حکام سے کہا ہے کہ تیونس بہت جلد اپنا سفیر شام بھیج دے گا-
.......
/169